آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کیلئے جامع پلان تشکیل

 آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کیلئے جامع پلان تشکیل

آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کیلئے جامع پلان تشکیل شہریوں میں ایک لاکھ بائیو ڈی گریڈیبل بیگز تقسیم کئے جائیں گے

بھکر(ڈسٹرکٹ رپورٹر) عیدالاضحیٰ کے موقع پر ضلع بھر میں صفائی ستھرائی اور آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کیلئے جامع پلان تشکیل دیدیا گیا ہے جس کے تحت شہریوں میں ایک لاکھ بائیو ڈی گریڈیبل بیگز تقسیم کئے جائیں گے ۔تفصیلات کے مطابق سرکاری طور پر مقرر کردہ کولیکشن پوائنٹس کے علاوہ کھلے عام آلائشیں پھینکنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ایسے افراد پر پچاس ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار اے ڈی سی جی/منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب پروگرام بھکر ڈاکٹر ارشد وٹو نے ڈی سی آفس میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے صاف و شفاف پنجاب ویژن اور ڈپٹی کمشنراحسان علی جمالی کی قیادت میں عیدالاضحیٰ پر صفائی کے مثالی انتظامات یقینی بنائے جائیں گے ۔اے ڈی سی جی ڈاکٹر ارشد وٹو نے بتایا کہ عید سے قبل شہر بھر میں خصوصی صفائی مہم چلائی جائے گی جبکہ عیدگاہوں، قبرستانوں اور اہم شاہراہوں کی صفائی کا عمل بھی مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عید کے آخری روز ضلع کی مرکزی شاہراہوں کی عرق گلاب سے روڈ واشنگ کی جائے گی تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں