ڈپٹی کمشنر کاقربانی کے جانوروں کے سیل پوائنٹس کا دورہ
ڈپٹی کمشنر کاقربانی کے جانوروں کے سیل پوائنٹس کا دورہ شہریوں کیلئے ٹھنڈے پانی، سایہ دار مقامات اور بہتر ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جائے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے عیدالاضحیٰ کے سلسلہ میں شہر میں قائم قربانی کے جانوروں کے سیل پوائنٹس اور مویشی منڈیوں کا دورہ کیا اور وہاں کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک، سی او او پی سی ایم ایم ڈی سی اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے خریداروں اور بیوپاریوں کیلئے فراہم کی جانے والی سہولیات، لائیو سٹاک سٹالز، صفائی ستھرائی، سکیورٹی، پانی کی فراہمی، لائٹنگ اور دیگر انتظامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آئندہ دو سے تین روز میں گرمی کی شدت میں اضافے کے امکانات ہیں، لہٰذا جانوروں اور شہریوں کیلئے ٹھنڈے پانی، سایہ دار مقامات اور بہتر ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی انتظامات مکمل رکھے جائیں جبکہ رات کے اوقات میں مناسب لائٹنگ کا بھی خصوصی اہتمام کیا جائے ۔