اس سال سیلاب کے دوران ماحولیاتی آلودگی میں خطرناک اضافہ کا اندیشہ
تمام انوائرمینٹل افسران کوصفائی کے احکامات دیئے عملدرآمد نہیں ہو سکا ،فیکٹریوں ، ملوں ، کارخانوں سے نکلنے والامضر صحت کیمیکل زدہ پانی مسائل میں مزیداضافہ کر رہا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) حکومتی احکامات کے باوجود عملدرآمد کی صورتحال مخدوش ،تحفظ ماحولیات اور ڈرینج سرکل سرگودھا کی فرائض سے غفلت کے باعث امسال پری مون سون اور سیلاب کے دورا ن ماحولیاتی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ کا اندیشہ بڑھ گیا ہے ،گزشتہ سال طوفانی بارشوں سے سیم نالے بپھرنے اور سیلابی صورتحال کے باعث نقصان کے پیش نظر حکومت نے تمام انوائرمینٹل افسران اور ڈرینج سرکل کے ارباب اختیار کوسرکل سے گزرنے والے گندے نالے کی صفائی کے احکامات دیئے تھے جن پر آج تک افسران کی طرف سے عملدرآمد کو یقینی نہ بنایا جا سکا ہے جبکہ سیم نالوں سے ملحقہ زرعی اراضیوں کے مالکان چھوٹے کسان اور زمیندار سیم نالوں کی صفائی اور اس میں گرنے والے فیکٹریوں کے واٹر ٹریٹمنٹ کے بغیر کیمیکل زدہ پانی کے اخراج کو روکنے کیلئے نہ صرف تحریری طور پر کئی بار استدعا کر چکے ہیں بلکہ مختلف پلیٹ فارم پر آوا ز بھی بلند کر چکے ہیں ،مگر سرکل بھر کے سیم نالوں کی صورتحال انتہائی ابتر ہے جو نہ صرف ضلع میں فضائی و ماحولیاتی آلودگی کی سب سے بڑی وجہ بن چکے ہیں بلکہ سیم نالے سے ملحقہ ہزاروں ایکڑ اراضی بنجر ہو چکی ہے ،سیم نالوں کی عدم صفائی کے ساتھ ساتھ فیکٹریوں ، ملوں ، کارخانوں سے نکلنے والامضر صحت کیمیکل زدہ پانی مسائل میں روز باروز اضافہ کر رہا ہے اور آئندہ ممکنہ سیلاب کی صورت میں اس کے نتائج بھیانک ہو سکتے ہیں ،دوسری جانب ذمہ دار شعبے ایک دوسرے پر ذمہ داریاں تھوپنے میں لگے ہوئے ہیں۔