ریلوے روڈ پر لٹکتی تاریں شہریوں کیلئے موت کا کنواں بن گئیں

 ریلوے روڈ پر لٹکتی تاریں شہریوں کیلئے موت کا کنواں بن گئیں

تجارتی شاہراہ پر لٹکتی تاروں کی وجہ سے راہگیروں اور تاجروں میں خوف و ہراس

پھلروان (نمائندہ دنیا) واپڈا پھلروان کی نااہلی اور غفلت سے ریلوے روڈ پر لٹکتی تاریں شہریوں کیلئے موت کا کنواں بن گئیں ۔پھلروان واپڈا افسران اور فیلڈ اسٹاف کی مبینہ نااہلی اور مجرمانہ غفلت کے باعث ریلوے روڈ پر بجلی کی ہائی وولٹیج تاریں سروں پر لٹکنے لگیں، جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔ مصروف ترین تجارتی شاہراہ پر لٹکتی ان تاروں کی وجہ سے راہگیروں اور تاجروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے ۔ مقامی شہریوں اور دکانداروں نے صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے کئی بار واپڈا کے متعلقہ حکام شکایات درج کروائیں، لیکن تاحال کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ ریلوے روڈ پر ہر وقت رکشہ ، موٹر سائیکل گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کا رش رہتا ہے ، اور بارش کے دنوں میں ان لٹکتی تاروں سے کرنٹ لگنے کا خطرہ مزید بڑھ جاتا ہے شہریوں نے اعلیٰ حکام اور ایکسیٔن واپڈا سے پرزور مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور لٹکتی تاروں کو درست کروا کر شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنائیں۔ بصورت دیگر شدید احتجاج کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں