طویل لوڈشیڈنگ نے کاروباری مراکز کا نظام درہم برہم کر دیا
بھاگٹانوالہ (نمائندہ دنیا) شدید گرمی کے موسم میں بھاگٹانوالہ اور گردونواح میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ مزید بڑھ گیا ہے ، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
مختلف علاقوں میں کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش معمول بن گئی ہے ، جس سے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ وقفے وقفے سے ہونے والی طویل لوڈشیڈنگ نے گھروں، دکانوں اور کاروباری مراکز کا نظام درہم برہم کر دیا ہے ۔ بجلی کی عدم دستیابی کے باعث شدید گرمی اور حبس میں بچوں، بزرگوں اور مریضوں کو سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، جبکہ چھوٹے کاروبار بھی متاثر ہو رہے ہیں۔مقامی تاجروں نے بتایا کہ بجلی کی بار بار بندش کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں اور مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے ۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیا جائے ، بجلی کی بلاجواز بندش کا خاتمہ کیا جائے اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنا کر عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔