53 سرکاری دکانوں اور دیگر سرکاری املاک کی لیز پر فراہمی کے طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرصدارت ریٹینشن کمیٹی کا اہم اجلاس کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں بورڈ آف ریونیو (BOR) کی پالیسی کے مطابق ضلع سرگودھا میں تحصیل شاہ پور کی 53 سرکاری دکانوں اور دیگر سرکاری املاک کی عوامی نیلامی کے ذریعے لیز پر فراہمی کے لیے ان کی نشاندہی اور طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سرگودھا، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، اسسٹنٹ کمشنر (ریونیو) اور اسسٹنٹ کمشنر شاہپور نے شرکت کی۔کمشنر حافظ شوکت علی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری املاک کا موثر، شفاف اور قانون کے مطابق استعمال حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بورڈ آف ریونیو کی پالیسی اور تمام قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے عوامی نیلامی کا عمل مکمل شفافیت، میرٹ اور بروقت انداز میں مکمل کیا جائے ۔