سرکاری ملازمین سے مزاحمت، میٹر چھین لیااور سنگین دھمکیاں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرکاری ٹرانسفارمر کو نقصان پہنچانے ، سرکاری ملازمین سے مزاحمت، میٹر چھیننے اور سنگین دھمکیاں دینے کے الزام میں ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ایس ڈی او (آپریشن) فیسکو سب ڈویژن کوٹ مومن رضوان رفیع نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ موضع اوپی میں نصب 15 کے وی اے جنرل ڈیوٹی ٹرانسفارمر مبینہ طور پر ایک سنگل فیز کنکشن پر غیر مجاز طور پر 7 ہارس پاور موٹر چلانے سے جل گیا، جس سے فیسکو کو تقریباً 3 لاکھ روپے کا نقصان پہنچا،فیسکو اہلکار نیا ٹرانسفارمر نصب کرنے اور متعلقہ میٹر اتارنے کے لیے موقع پر پہنچے تو محمد صفدر رانجھا مبینہ طور پر اسلحہ لے کر آ گیا، ملازمین سے میٹر چھین لیا، گالم گلوچ کی اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں، جس پر اہلکار جان بچا کر وہاں سے روانہ ہو گئے پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے ۔