بہترین کارکردگی پرافسروں کی حوصلہ افزائی کیلئے سرٹیفکیٹس تقسیم
بہترین کارکردگی پرافسروں کی حوصلہ افزائی کیلئے سرٹیفکیٹس تقسیم ستھرا پنجاب پروگرام کے فیلڈ ورکرز نے عوامی سہولیات کے لیے خدمات انجام دیں
کوٹ مومن(نمائندہ دنیا)سابق اسسٹنٹ کمشنر کوٹ مومن اختر ملک کی جانب سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے اپریسی ایشن سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے ۔تفصیلات کے مطابق سابق اسسٹنٹ کمشنر کوٹ مومن اختر ملک نے بہترین پیشہ ورانہ خدمات، محنت، لگن اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض سرانجام دینے پر تحصیل منیجر ستھرا پنجاب مستنصر اقبال، پروجیکٹ ڈائریکٹر منظور احمد بھٹی، اسسٹنٹ منیجر محسن طارق اور سوشل میڈیا آفیسر حافظ محمد عثمان کو اپریسی ایشن سرٹیفکیٹس سے نوازا۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ یہ اعزاز صرف چند افراد کی کارکردگی کا اعتراف نہیں بلکہ پوری ٹیم کی مشترکہ کاوشوں، باہمی تعاون اور عوامی خدمت کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے ۔ ستھرا پنجاب پروگرام کے سپروائزرز اور فیلڈ ورکرز نے ہر موسم اور مشکل حالات میں اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھاتے ہوئے صفائی اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں۔سرٹیفکیٹس حاصل کرنے والے افسران نے اس اعزاز کو اپنی پوری ٹیم، بالخصوص فیلڈ میں کام کرنے والے سپروائزرز اور ورکرز کے نام منسوب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی اجتماعی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے سابق اسسٹنٹ کمشنر اختر ملک کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہمیشہ میرٹ، دیانت داری اور محنت کی حوصلہ افزائی کی۔