چور زیر زمین ٹیلی فون کیبل کاٹ کر لے گئے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)سرگودھا میں نامعلوم چور نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی) کی زیر زمین ٹیلی فون کیبل کاٹ کر لے گئے ، جس کے باعث متعدد اہم سرکاری اداروں کے ٹیلی فون خاموش ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واردات ڈی آئی جی آفس اور پولیس لائن چوک کے قریب پیش آئی، جہاں نامعلوم چور زیر زمین بچھائی گئی این ٹی سی کی ٹیلی فون کیبل کاٹ کر لے گئے ۔ کیبل چوری ہونے سے اس روٹ سے منسلک مختلف اہم سرکاری اداروں کے ٹیلی فون رابطے منقطع ہو گئے ، جس سے سرکاری امور کی انجام دہی بھی متاثر ہوئی۔اسسٹنٹ انجینئر نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن محمد عزیز کی مدعیت میں تھانہ کینٹ پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں ۔