جلالپور جاگیر کو ترقیاتی اسکیموں میں شامل کرنے کا مطالبہ
جلالپور جاگیر کو ترقیاتی اسکیموں میں شامل کرنے کا مطالبہ 2 کلومیٹر سڑک کی فوری منظوری کی اپیل،اہل علاقہ کی گفتگو
شاہپور صدر (نامہ نگار) گاؤں جلالپور جاگیر، تحصیل شاہپور، ضلع سرگودھا کے مکینوں نے بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر حکومت پنجاب سے فوری توجہ اور گاؤں کو ترقیاتی اسکیموں میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ جلالپور جاگیر عرصہ دراز سے متعدد بنیادی مسائل کا شکار ہے ، جن کے حل کے لیے فوری عملی اقدامات کی ضرورت ہے ۔اہلِ علاقہ کے مطابق جلالپور جاگیر میں صاف پینے کے پانی کی مناسب سہولت دستیاب نہیں، جبکہ شاہپور سٹی سے جلالپور جاگیر تک رابطہ سڑک انتہائی خستہ حالی کا شکار ہے ۔
سڑک کی خراب صورتحال کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ حادثات کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے ۔حاجی مسعود احمد قریشی، صفدر حسین کھوکھر، چوہدری حنیف میکن، چوہدری یعقوب میکن، ملک فیروز لکھال، چوہدری بشیر گوندل، عنایت اللہ سندانہ، ملک یوسف لکھیال، ممتاز ملاح، مہر ممتاز آرائیں اور دیگر علاقہ مکینوں نے کہا کہ گاؤں کی بیشتر گلیاں کچی اور خستہ حال ہیں، جس کے باعث بارش کے موسم میں آمدورفت انتہائی دشوار ہو جاتی ہے ۔ قبرستان تک جانے والا راستہ بھی پختہ نہ ہونے کی وجہ سے بارش کے دوران میت کو قبرستان تک لے جانے میں اہلِ علاقہ کو شدید مشکلات اور اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔
اہلِ علاقہ نے بالخصوص شاہپور سٹی سے جلالپور جاگیر تک رابطہ سڑک کی تعمیر و مرمت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر جاری ترقیاتی منصوبوں میں سے کم از کم 2 کلومیٹر سڑک جلالپور جاگیر کے لیے منظور کر دی جائے تو یہ گاؤں کے مکینوں کے لیے ایک بڑا تحفہ اور دیرینہ مسئلے کا اہم حل ثابت ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments