یوم دفاع جوش و جذبے اور شایان شان انداز میں منایا جائیگاٍ
یوم دفاع جوش و جذبے اور شایان شان انداز میں منایا جائیگا مارشل آرٹس اورکھیلوں، پینٹنگز کے مقابلے اور تصویری نمائش کا انعقاد کیا جائے گا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ سرگودھا کے زیر اہتمام یوم دفاع پاکستان 6 ستمبر بروز اتوار کو قومی جوش و جذبے اور شایان شان انداز میں منایا جائے گا۔ اس سلسلہ میں مختلف تقریبات اور پروگرامز کے انعقاد کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر احمد مغیث کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ تعلیم، کالجز، سپورٹس، میونسپل کارپوریشن، آرٹس کونسل، انفارمیشن، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں یوم دفاع پاکستان کی اہمیت اور ملکی دفاع کے لیے پاک فوج کے شہداء، غازیوں اور شہریوں کی لازوال قربانیوں کو نوجوان نسل تک اجاگر کرنے کے لیے مختلف پروگرامز ترتیب دینے پر غور کیا گیا۔
یوم دفاع پاکستان کے موقع پر ہلال استقلال لہرانے کی مرکزی تقریب اور ریلی کے انعقاد کے حوالے سے بھی اجلاس میں مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یوم دفاع کے موقع پر ملی نغموں اور میوزیکل پروگرام، ہاکی، فٹبال، مارشل آرٹس اور دیگر کھیلوں کے مقابلے ، پینٹنگز کے مقابلے اور تصویری نمائش کا انعقاد کیا جائے گا۔ پینٹنگز کے مقابلوں اور دیگر پروگرامز کا مرکزی تھیم یوم دفاع پاکستان ہوگا،یوم دفاع کے حوالے سے ایک خصوصی فلوٹ بھی تیار کیا جائے گا۔ تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں طلبہ کے مابین تقریری مقابلے اور ٹیبلوز بھی منعقد کیے جائیں گے ، جن کا موضوع یوم دفاع پاکستان ہوگا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام سرکاری عمارات اور نجی اداروں پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے جبکہ یوم دفاع کی مناسبت سے عمارات کو قومی جذبے کے اظہار کے لیے سجایا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments