فیلڈ عملے کی خاطر تواضع پر اربن یونٹ نے خطرے کی گھنٹی بجا دی
فیلڈ عملے کی خاطر تواضع پر اربن یونٹ نے خطرے کی گھنٹی بجا دیسٹاف کو انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی قسم کی ذاتی سہولت فراہم نہ کی جائیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) قیمتوں کی مانیٹرنگ کے دوران فیلڈ عملے کی ‘‘خاطر تواضع’’ پر اربن یونٹ نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، اوپن مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، سرکاری نرخوں اور ان پر عملدرآمد کی آزادانہ نگرانی کے لیے اربن یونٹ نے سرگودھا سمیت پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو غیر معمولی نوعیت کی ہدایات جاری کر دیں، جس میں اربن سیکٹر پلاننگ اینڈ مینجمنٹ سروسز یونٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ اربن یونٹ تیسرے فریق کے مبصر کے طور پر آزادانہ قیمت کنٹرول مانیٹرنگ کر رہا ہے ، اس لیے فیلڈ اسٹاف کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی قسم کی ذاتی سہولت یا مراعات فراہم نہ کی جائیں۔
مراسلے میں بالخصوص گاڑی، موٹر سائیکل، ایندھن، رہائش اور دیگر ذاتی مدد کا ذکر کرتے ہوئے قرار دیا گیا ہے کہ ایسی سہولت کاری متعلقہ ضلع کے مانیٹرنگ ڈیٹا کے معیار پر اثرانداز ہونے کی کوشش تصور کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ کو صرف اس صورت میں مداخلت اور معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جب مانیٹرنگ کے دوران کسی دکاندار، مارکیٹ نمائندے یا کسی دوسرے شخص کی جانب سے بدسلوکی، ہراسانی، دھمکی یا رکاوٹ کا سامنا ہو۔ اربن یونٹ نے قیمتوں کی مانیٹرنگ کے عمل کی آزادی اور غیرجانبداری برقرار رکھنے کے لیے تمام ضلعی انتظامیہ کو ان ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments