ترامیم عدلیہ پر حملہ،اب پورے ملک کو بند کرینگے:علی امین گنڈا پور

ترامیم عدلیہ پر حملہ،اب پورے ملک کو بند کرینگے:علی امین گنڈا پور

پشاور(آئی این پی )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے 26ویں آئینی ترمیم کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ رات کی تاریکی، میں ہونے والی ایسی ترامیم عدلیہ پر حملہ ہے اور ہم ان کو کسی صورت نہیں مانتے ، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں اور اس کے خلاف احتجاج کا حق رکھتے ہیں۔

پورے ملک کو بلاک کردیں گے ۔پشاور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہاکہ یہ غیرآئینی ترمیم ایک ایسی اسمبلی کی جانب سے منظور کی گئی ہے جو خود اس وقت غیرمنتخب ہے اور فارم 47 پر آئی ہوئی ہے ۔انہوں نے خبردار کیا کہ من پسند ججز کو لگا کر اپنے مفادات کو تحفظ دینے کی جو تاریخ بار بار دہرائی جاتی ہے ، یہ بھی ایسا ہی حملہ ہے ، عدلیہ کو محکوم کر کے اپنی مرضی کے بندے لگائیں اور مرضی کے بندوں سے مرضی کے فیصلے کرائیں، تو ہم اس کی مذمت کرتے ہیں اور اس کے خلاف احتجاج کا حق رکھتے ہیں۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ جن لوگوں نے ترمیم کے حق میں ووٹ دیا ہے ان کو پارٹی شوکاز دے کر ان کے خلاف تحقیقات کررہی ہے ، جن لوگوں نے بانی پی ٹی آئی کی کمر میں چھرا گھونپا ہے ان کو پارٹی سے فارغ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس دفعہ ہم فائنل احتجاج کا منصوبہ بنائیں گے اور پورے پاکستان میں احتجاج کریں گے ، ہر جگہ سے لوگ نکلیں گے ،یہ مکمل اور مستقل احتجاج ہو گا، اسلام آباد کی طرف بڑھیں گے اور اس قابض حکومت کے جان چھڑانے تک احتجاج جاری رہے گا کیونکہ یہ حکومت 25 کروڑ عوام کے بجائے اپنی ذات کے لیے فیصلے کررہی ہے ۔ادھر پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلی ٰکے پی علی امین گنڈا پور کو 14 نومبر تک کسی بھی مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ کی حفاظتی ضمانت کیلئے درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس صاحبزادہ اسداللہ نے درخواست پر سماعت کی۔عدالت نے 14 دن میں آپ مقدمات کی تفصیل فراہم کریں اور جتنے مقدمات درج ہیں ان کی تفصیل فراہم کریں۔بعد ازاں عدالت نے درخواست پر سماعت 14 نومبر تک ملتوی کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں