پنجاب کا بینہ:چیف منسٹر لیپ ٹاپ سکیم،چھوٹے کسانوں کیلئے لائیوسٹاک کارڈ کی منظوری

پنجاب کا بینہ:چیف منسٹر لیپ ٹاپ سکیم،چھوٹے کسانوں کیلئے لائیوسٹاک کارڈ کی منظوری

لاہور(دنیا نیوز)وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کے 18ویں اجلاس میں چیف منسٹر لیپ ٹاپ سکیم ، پنجاب میں 3نئی اتھارٹیز کے قیام سمیت کئی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی جبکہ ماحولیاتی آلودگی بارے اہم فیصلے کئے گئے ۔

اجلاس میں پنجاب ایگزامینیشن، کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی (PECTAA)کے قیام اور سی ایم پنجاب لیپ ٹاپ سکیم کی منظوری بھی دی گئی ، مریم نواز نے طلبہ کو جلد ازجلد لیپ ٹاپ دینے کی ہدایت کی۔سمال فارمرز کیلئے کابینہ نے وزیر اعلیٰ لائیو سٹاک کارڈ کی منظوری دیکر سال میں 2لاکھ جانور تیارکرنے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا اوربڑے فارمرز کے لئے بھی سکیم لانے پر اتفاق کیا گیا۔ کابینہ نے پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹی،پنجاب واٹر اینڈ سینی ٹیشن اتھارٹی اورپنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی ایکٹ 2024 ،دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں پر جرمانہ بڑھانے کیلئے صوبائی موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 میں ترمیم کی منظوری بھی دی گئیجسکے تحت وہیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر چلنے والی گاڑی کو ایک بار نوٹس کے بعد جرمانہ عائد ہوگا اور گاڑی بند کردی جائے گی ۔ پنجاب میں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے او رسنگل یوز پلاسٹک کلچر متعارف کرانے کیلئے تاریخی فیصلے کئے گئے جسکے تحت انفورسمنٹ کے مسائل حل کرنے کیلئے ڈسٹرکٹ پلاسٹک مینجمنٹ کمیٹیاں قائم ہوں گی، ڈی سی اور ڈی پی او ڈسٹرکٹ پلاسٹک مینجمنٹ کمیٹیوں کے سربراہ جبکہ تاجر او ردیگرحکام ارکان ہوں گے ،ڈسٹرکٹ پلاسٹک مینجمنٹ کمیٹیوں کو پلاسٹک کے خاتمے کی مہم کو یقینی بنانے کے لئے جرمانہ کرنے اورغیر معیاری او رماحول دشمن پلاسٹک بیگ بنانے والی فیکٹریوں کو سیل کرنے کے ساتھ ساتھ تحویل میں لینے کااختیار حاصل ہوگا ۔

معیاری اور ماحول دوست پلاسٹک بیگ بنانے والی فیکٹری کی رجسٹریشن او رتجدید فیس میں کمی کردی گئی کابینہ نے 310 انوائر منٹ انسپکٹر بھرتی کرنے اور انوائرمنٹ انسپکٹر ز کے لئے 250ای بائیکس خریدنے اورسٹینڈرڈ یونیفارم کی منظوری بھی دی ۔کابینہ نے کھیلتا پنجاب گیمز 2024(انڈر 16 ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام)بھی منظور کرلیا ۔ مریم نواز نے پنجاب میں ہندو اور سکھ بھائیو ں کیلئے فیسٹیول کارڈ اجرا کی تجویز پیش کی جس پر کابینہ نے فیصلہ کیاکہ بابا گورونانک کے جنم دن اور دیوالی پر 2200خاندانوں کو 10 ہزار فی خاندان ملیں گے ۔دوسری طرف اپنی چھت،اپنا گھر پروگرام کے تحت پہلی قسط کے اجرا کے 15دن کے اندر مکانو ں کی تعمیرات شروع ہوگئیں،وزیراعلیٰ کوٹ لکھپت کے پنڈی راجپوتاں میں زیر تعمیر گھر کامعائنہ کرنے خود پہنچ گئیں،قرض سے گھر تعمیر کرنے والی صوبیہ منیر اورانکی بچیوں نے مریم نواز کو پھول پیش کئے ، وزیراعلیٰ نے انہیں قرض کی دوسری قسط کا چیک دیااور مکان کی تکمیل پر فرنیچر کا تحفہ دینے کی ہدایت کی۔انہوں نے صوبیہ منیر کی بیٹیوں عائشہ اور طیبہ کو پڑھائی جاری رکھنے کی تلقین کی اور کہاکہ انکی تعلیم کے اخراجات حکومت دے گی۔مریم نواز کاکہناتھاکہ اپنی چھت اپنا گھر سکیم کے تحت مکان بنتا دیکھا توہونے والی خوشی لفظوں میں بیان نہیں کرسکتی، اتنی خوش ہوں لگتا ہے اپنا ہی گھر بن رہاہے ، نوازشریف بھی بہت خوش ہیں، انہو ں نے سلام بھیجا او ربہت سی دعائیں دیں۔ اپنا گھر ہر شہری کا حق ہے ، چاہتی ہوں کہ پنجاب میں کوئی بے گھر چھت سے محروم نہ رہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں