پختونخوا حکومت نے 4 ارب لینے کیلئے گیم بنائی : اختیار ولی

 پختونخوا حکومت نے 4 ارب لینے کیلئے گیم بنائی : اختیار ولی

جبری نقل مکانی کے پی حکومت نے کرائی ، میرے پاس ڈپٹی کمشنر کا خط موجود ہے عمران کو ووٹ دینے کی سزا دی جا رہی ہے :شہر یار آفریدی، دنیا مہر بخاری کیساتھ

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم کے کو آرڈینیٹر اختیار ولی خان نے کہا ہے کے پی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ہورہے ہیں ،یہ سب کو پتا ہے ،وادی تیراہ کے بارے میں کسی گرینڈ آپریشن پر صوبائی حکومت کی وفاقی حکومت کے ساتھ کوئی بات نہیں ہوئی تھی،اگر انہوں نے بات کی ہے تو بتائیں،مجھے یہی سمجھ آرہی ہے کہ 4ا رب روپے لینے کیلئے انہوں نے یہ گیم بنائی ہے۔

دنیا نیوز کے پروگرام مہر بخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے اختیار ولی نے کہا اگرانہوں نے پیسے لینے تھے تو لوگوں کو کیوں تکلیف دی؟،لوگ جو نقل مکانی کررہے ہیں، اس سے وفاقی حکومت کا کوئی تعلق نہیں ، نقل مکانی ہو یا آپریشن اس میں وفاق کی مرضی شامل نہیں،تیراہ میں جو کچھ ہورہا ہے کہ صوبائی حکومت نے کیا ہے ،جبری نقل مکانی کے پی حکومت نے کرائی ہے ،ڈپٹی کمشنر کا میرے پاس لیٹر ہے جو 28 اکتوبر کو لکھا گیا تھا، ایک طرف معاون خصوصی اطلاعات شفیع جان کہتے ہیں ہم کوئی آپریشن کرنے دیں گے نہ ہی کوئی آپریشن وہاں ہوگا۔ان کا کہنا تھا وادی تیراہ کے لوگ ہر سال شدید سردیوں میں اپنے علاقے سے نکل جاتے ہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما شہریا ر آفرید ی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ایک گاڑی، 22 ہزار روپے فیملی کودے رہی ہے ،وہ کہاں رہیں گے ،اس شدید سردی میں تین بچے شہید ہوچکے ہیں،صوبائی حکومت کی جتنی استعداد ہے وہ ان کو سہولتیں دے رہی ہے ،میرا سوال ہے کہ وفاق کہاں ہے ؟،کیا وفاق خواجہ آصف ، طلال چودھری ، عطا تارڑ ہے جو بیانات دے دیتے ہیں،محسن نقوی تیراہ میں کیوں نہیں جارہے ؟،تیراہ کے لوگ کیا یہ پاکستانی نہیں ہیں؟،انکو اس وجہ سے سزا دی جارہی ہے کہ انہوں نے عمران خان کو ووٹ دیا، وفاقی حکومت سزا دیکر عمران خان کا ووٹ ختم نہیں کراسکتی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں