اصلاحات ، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں کمی آئی ، وزیر قانون

 اصلاحات ، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں کمی آئی ، وزیر قانون

جرمن سفیر کی ملاقات ، پاکستان کی اہم اصلاحات، فوجداری ضابطہ ترامیم کی تعریف انسانی حقوق کے فریم ورک ،قانونی اصلاحات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے باہمی عزم کا اظہار

اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر قانون وانصاف اور انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے پاکستان میں جرمنی کی سفیر اینا لیپل نے ملاقات کی جس میں پاکستان میں انسانی حقوق کے فروغ، اقلیتوں کے تحفظ اور کلیدی قانونی اقدامات میں دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ ملاقات کے دوران اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات اور انسانی حقوق کے شعبے میں حالیہ پیشرفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے جرمن سفیر کو ملک میں حالیہ آئینی اور قانونی اصلاحات سے آگاہ کیا جن کا مقصد انسانی حقوق کے تحفظ کے نظام کو مزید موثر بنانا ہے ، وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں مجموعی انسانی حقوق کے منظرنامے میں واضح بہتری آئی ہے ،اسی طرح انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں کمی واقع ہوئی اور ادارہ جاتی جوابدہی میں اضافہ ہوا ہے ،جرمن سفیر نے پاکستان کی اہم قانونی اصلاحات کی تعریف کی جن میں پاکستانی فوجداری ضابطہ میں ترامیم شامل ہیں جن کے تحت بعض جرائم پر سزائے موت کے بجائے عمر قید نافذ کی گئی ہے ،ملاقات میں لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں سروس فراہم کرنے والوں کی تربیت اور صنفی بنیاد پر تشدد سے نمٹنے کیلئے مربوط اقدامات شامل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں