روسی کمپنیوں کو ریلوے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش
انفراسٹرکچر ، ٹریک اپ گریڈیشن میں روسی سرمایہ کا ری کا خیر مقدم کرینگے حنیف عباسی سے روسی ٹریڈ قونصلر کی ملاقات، دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی سے روسی ٹریڈ قونصلر نے وزارتِ ریلوے میں ملاقات کی جس میں ریلوے کے شعبے میں تعاون کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حنیف عباسی نے کہا پاکستان ریلوے میں سرمایہ کاری، ریلوے انفراسٹرکچر کی بہتری، ٹریک اپ گریڈیشن، سگنلنگ سسٹمز کی جدیدکاری اور آپریشنل استعداد میں اضافے کے لیے روسی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کیا جائے گا، روسی کمپنیاں پاکستان ریلوے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ روس کے ریلوے نظام، جدید ٹیکنالوجی اور بہترین عملی تجربات کا قریب سے جائزہ لینے کے لیے جلد روس کا دورہ کرینگے ۔روسی ٹریڈ قونصلر نے کہا روس پاکستان کے ساتھ ریلوے کے شعبے میں روابط کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے ۔ انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور روس کے درمیان ریلوے تعاون اقتصادی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔