ویکسین معاملہ:گرفتارافرادکوکہا جارہا وزیر کا نام لو،مصطفی کمال
ویکسین سکینڈل کی انکوائری رپورٹ پبلک کردی،ایک روپیہ بھی سرکارکا نہیں لگا صوبوں کی حمایت نہیں چھوڑوں گا، کون سا محکمہ ہے جس میں کرپشن نہ ہو، وزیر صحت
اسلام آباد (فوزیہ علی،ایس ایم زمان) وفاقی وزارت صحت نے حاجیوں کیلئے ویکسین کی خریداری میں مبینہ کرپشن سے متعلق انکوائری کمیٹی کی رپورٹ پبلک کردی۔ وفاقی وزیر مصطفی کمال نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر 10 ارب روپے کے سکینڈل کا شوشہ چھوڑا جا رہا ہے ، ایک روپیہ بھی سرکار کا اس سارے عمل میں نہیں لگا، انکوائری میں منظم طور پر مصطفی کمال کو بیچ میں لایا جارہا ہے ، پکڑے جانے والوں کو ٹارچر کرکے کہا جا رہا ہے کہ وزیر کا نام لو، نئے صوبوں کی حمایت میں دستبردار نہیں ہوں گا، ایم کیو ایم کو مضبوط بنانے سے بھی کوئی نہیں روک سکتا۔ وزیر صحت نے انکوائری کمیٹی کی رپورٹ پبلک کرتے ہوئے کہا کہ بارڈر ہیلتھ سروس نے وفاقی وزارت صحت کو بائی پاس کیا ہے ۔ انکوائری رپورٹ کا لب لباب یہ ہے کہ وزارت صحت کو بتائے بغیر ویکسین کی پروکیورمنٹ کی گئی۔ وزارت صحت نے انکوائری رپورٹ پر عملدرآمد شروع کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 18 کروڑ 30 لاکھ 55 ہزار روپے اس وقت نادرا کے اکائونٹ میں موجود ہیں۔ کرپشن کا کوئی سکینڈل نہیں ۔مصطفی کمال نے کہا کہ یہ منظم قسم کی کمپین ہے جو ویکسین سے ہٹ کر مصطفی کمال کے بارے میں ہے ۔ پیسے دے کر کمپین چلائی جارہی ہے ۔ میں نے انویسٹی گیشن میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی۔ وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ میرے ساتھ سب چیزوں میں کھڑے رہے ہیں۔ کوئی محکمہ ایسا نہیں جس میں کرپشن نہ ہو رہی ہو۔ میرے وزیر بننے سے پہلے اس منسٹری سے 8 لاکھ ڈالر کی مچھردانیاں چوری ہوئیں۔ میں پیپلز پارٹی کا وزیر ہوتا تو شاید میرے ساتھ ایسا نہ ہو تا۔ 16 ماہ میں وزارت صحت میں 10 سیکرٹری تبدیل ہوئے ۔ مجھے ایک سڑا ہوا نظام ملا ہے ۔ نرسنگ کونسل اتنا بڑا مافیا ہے کہ آپ خاموش رہیں تو وہاں ڈالر برس رہے ہوتے ۔ نرسنگ کونسل میں انسپکشن پر پیسے لئے جا رہے تھے جسے پکڑا۔ کسی کو ہٹائوں تو وہ کورٹ سے سٹے آرڈر لے آتے ہیں۔مصطفی کمال نے کہا کہ نئے صوبے لازم و ملزوم ہوچکے ہیں۔ ملک بچالیں یا کسی کی خواہش لیکن ہمیں ملک بچانا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments