منصوبے صرف سوچنے سے اپنے نہیں ہو جاتے :عظمیٰ بخاری
چار سال منصوبے مکمل نہ کرنیوالے آج ملکیت کے دعوے کر رہے :وزیر اطلاعات سابقہ حکومت کے نمایاں منصوبے انڈے ، کٹے ،مرغیاں،بھنگ کی فیکٹریاں تھے :بیان
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے فواد چودھری کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ چار سال تک آپ کے پاس حکومت رہی، اگر یہ منصوبے آپ کے تھے تو انہیں اپنے دورِ حکومت میں مکمل کیوں نہیں کیا؟ منصوبے صرف سوچنے یا اعلان کرنے سے کسی کی ملکیت نہیں بن جاتے بلکہ جو شروع کرتا اور اسے پایہ تکمیل تک پہنچاتا ہے ، اصل کریڈٹ اسی کو جاتا ہے ۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سابقہ حکومت کے دور میں جن منصوبوں کا ذکر زبان زدِ عام رہا وہ انڈے ، کٹے ، مرغیاں اور بھنگ کی فیکٹریاں تھے۔
وفاقی اور صوبائی حکومتیں ہونے کے باوجود ساڑھے چھ سال بعد کسی منصوبے کو اپنا قرار دینا محض شرمندگی کا باعث ہے ۔وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ اگر یہ منصوبے واقعی سابقہ حکومت کی ترجیحات اور کارکردگی کا حصہ تھے تو چار سالہ اقتدار میں انہیں مکمل کرنے کا موقع موجود تھا، آج ان منصوبوں کی ملکیت کا دعویٰ کرنے کے بجائے یہ بتایا جائے انہیں اپنے دور میں مکمل کیوں نہیں کیا ۔عظمیٰ بخاری نے فواد چودھری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب سچ سچ بتائیں، وزیراعلیٰ کے استقبال تو بہت اچھے تھے نا؟۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments