ورلڈ الیون نے ٹرافی کیساتھ دل بھی جیت لئے

ورلڈ الیون نے ٹرافی کیساتھ دل بھی جیت لئے

سخت مقابلے کے بعد پاکستان جونیئر ٹیم کیخلاف دوسرا میچ 3-3گول سے برابر ،سیریز ایک ،صفر سے مہمان سائیڈ کے نام گرین شرٹس کے عدیل لطیف مین آف دی میچ قرار ،شائقین خوشی سے سرشار،ہاکی فیڈریشن سے مزید مقابلوں کا مطالبہ

لاہور(سپورٹس رپورٹر،نامہ نگار خصوصی)ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان سے دم توڑ تی پاکستانی ہاکی کی سانسیں بحال ہوگئیں جس نے ٹرافی کیساتھ دل بھی جیت لئے ،گزشتہ روز سخت مقابلے کے بعد پاکستان جونیئر ٹیم کیخلاف دوسرا میچ 3-3 گول سے برابر رہنے پر سیریز ایک ،صفر سے مہمان سائیڈ کے نام ہوگئی ۔تفصیلات کے مطابق ہاکی ورلڈ الیون نے پاکستان جونیئر الیون کیخلاف دو میچوں کی سیریز 1-0 سے جیت لی ،گزشتہ روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا ۔شائقین نے بھی کھلاڑیوں کو دل کھول کر داد دی ،دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کی گول پوسٹ پر خوب حملے کئے اور دونوں جانب سے تین ،تین گول ہوئے ، پاکستان الیون کے عدیل لطیف، نوید اور رضوان نے گیند کو جال میں پہنچایا جبکہ مہمان ٹیم کے راڈ رک، روکرز اور ٹوک سترا گول کرنے میں کامیاب ہوئے ،مہمان خصوصی وفاقی وزیر کھیل ریاض پیر زادہ اور صدر پی ایچ ایف خالد سجاد کھوکھرنے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جہاں عدیل لطیف کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا ۔ دوسری جانب شائقین کا کہنا ہے کہ اگر ہاکی کو دوبارہ عروج دینا ہے تو مزید مقابلے کروانا ہونگے ،گزشتہ روز میچ کے دوران شائقین کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ تھا ،جسے بھی موقع ملا میچ دیکھنے سٹیڈیم پہنچ گیا ،پاکستانی میدان آباد ہونے کی خوشی کیساتھ ساتھ شائقین ناقص انتظامات پر ناخوش بھی نظر آئے ،انہوں نے کہا قومی کھیل زوال کا شکار ہے لیکن پھر بھی کوئی اس کی بہتری کیلئے سنجیدہ نہیں جس کی بڑی مثال دو میچوں کی سیریز کیلئے ٹکٹوں کا مشکل سے ملنا ہے ۔انہوں نے کہا کرکٹ کی طرح ہاکی کو بھی منظم کیا جائے جبکہ ایونٹس کی تعداد بڑھانے کیساتھ ساتھ پی ایچ ایف عہدیدارٹکٹوں کی فروخت جیسے معامات پر بھی نظر ثانی کریں تاکہ جوتھوڑے بہت شائقین میچز دیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں انہیں ٹکٹوں کے حصول میں دشواری کاسامنا نہ کرنا پڑے ۔شائقین نے پاکستان کا دورہ کرنے پر ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کا شکریہ بھی ادا کیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں