بھارت سے روئی,سوتی دھاگا درآمد کرنے پر پابندی کا مطالبہ
پاکستانی درآمدات پر بھارت میں200فیصدڈیوٹی کے نفاذ کے باوجود صرف ایک فیصد ڈیوٹی پر پڑوسی ملک سے روئی کی درآمد جاری
کراچی(بزنس رپورٹر)کاٹن جنرز نے بھارت سے روئی اور سوتی دھاگا درآمد کرنے پر پابند ی کا مطالبہ کردیا ہے ۔بھارت کی جانب سے پاکستانی درآمدات پر 200فیصد ڈیوٹی کے نفاذ کے باعث پاکستان سے بھارت کو ہونے والی برآمدات مکمل معطل ہوگئیں ،اس کے باوجودبھارت سے واہگہ لاہور کے ذریعے سوتی دھاگے اور سی پورٹ کراچی کے ذریعے روئی کی درآمد جاری ہے ۔تفصیلات کے مطابق بھارت سے روئی کی در آمد کے باعث اندرون ملک روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں مندی کے رجحان میں اضافے کے ساتھ زر مبادلہ کے ذخائر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے ۔چیئرمین کاٹن جنرز احسان الحق نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں بھارت نے پاکستان سے آنے والی تمام اشیاء پردرآمدی ڈیوٹی 200 فیصد عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد پاکستان سے بھارت کو گارمنٹس سمیت تمام برآمدات معطل ہو کر رہ گئی ہیں لیکن اس کے باوجود بھارت سے صرف ایک فیصد ڈیوٹی پر روئی اور 18فیصد ڈیوٹی پر واہگہ کے راستے سوتی دھاگے اور کراچی بندرگاہ کے ذریعے روئی کی درآمد جاری ہے ۔ انہوں نے وزیر اعظم سے اپیل کی ہے کہ بھارت سے آنے والی تمام اشیاء پر درآمدی ڈیوٹی میں خاطر خواہ اضافے کے ساتھ بھارت سے روئی اور سوتی دھاگے کی درآمد پر مکمل پابندی عائد کی جائے تاکہ کاٹن انڈسٹری کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کے ساتھ زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافے اور تجارتی خسارے میں کمی لائی جا سکے ۔