پاکستان کے ساتھ سرحدی تجارت مذاکرات کا اہم محور رہی: وزیرِ داخلہ ایران

تہران: (ویب ڈیسک) ایران کے وزیرِ داخلہ سکندر مومنی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ سرحدی تجارت حالیہ مذاکرات کا ایک اہم موضوع رہی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ہفتے کے روز پاکستان کے وزیرِ داخلہ محسن نقوی ایک ایسے دورے پر تہران پہنچے جسے ایرانی خبر رساں ادارے ارنا نے غیر علانیہ قرار دیا، اس دورے کے دوران انہوں نے اپنے ایرانی ہم منصب سکندر مومنی سے ملاقات کی۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق سکندر مومنی نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان بات چیت میں سرحدی تجارت کو خصوصی اہمیت دی گئی، اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور ایسے اقدامات کیے جائیں گے جن سے تجارتی عمل کو تیز اور آسان بنایا جا سکے، سرحدی تبادلے، ٹرانزٹ اور ٹریڈ کو مزید سہل یعنی آسان بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

سکندر مومنی نے مزید بتایا کہ مذاکرات کے دوران بعض نئی سرحدی گزرگاہوں کے قیام پر بھی غور کیا گیا۔

دوسری جانب پاکستان اس وقت ایران اور امریکہ کے درمیان جاری جنگ بندی میں ثالثی کا کردار بھی ادا کر رہا ہے، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے نئی دہلی میں بھی کہا ہے کہ پاکستان کی طرف سے امن مشن تاحال ناکام نہیں ہوا، مشکلات کا شکار ہے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں پاکستان نے اعلان کیا تھا کہ وہ ایران کے لیے ایک تجارتی راہداری کھول رہا ہے، جس کے تحت ایران اپنی اشیا کی ترسیل کے لیے گوادر اور کراچی کی بندرگاہیں استعمال کر سکے گا۔

پاکستانی وزارتِ تجارت کی جانب سے جاری کردہ ٹرانزٹ آف گڈز تھرو پاکستان 2026 پالیسی کے تحت ایران کے لیے چھ تجارتی راستے کھولے گئے ہیں، ان راستوں کے ذریعے ایران اپنی مصنوعات کو پاکستانی بندرگاہوں کے ذریعے دیگر ممالک کو برآمد کر سکے گا، جبکہ بیرونِ ملک سے خریدی گئی اشیا بھی انہی راستوں سے ایران منتقل کی جا سکیں گی۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران کو امریکی دباؤ اور پابندیوں کے باعث اپنی بندرگاہوں کے ذریعے تجارت میں مشکلات کا سامنا ہے، جس کے سبب اسے متبادل راستوں کی تلاش ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد سے پاکستانی نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، پاکستانی فوج کے سربراہ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر، محسن نقوی سے ایران کے دورے کر چُکے ہیں اور خطے میں دیرپا امن کے لیے مسلسل فعال ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں