کشمیر کو پاکستان سے جدا نہیں کیا جا سکتا: خواجہ آصف
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے بیرونی ایجنڈے پر کاربند شرپسند عناصر کے خلاف دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر یا پاکستان کو ایک دوسرے سے جدا نہیں کیا جا سکتا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے بحران سے متعلق ان کے ریمارکس صاف گو اور دیانتدارانہ تھے تاہم خفیہ اور منفی ایجنڈے رکھنے والے عناصر ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اکتوبر 1947 میں ہجرت کرکے پاکستان آنے والے کشمیریوں کی قربانیاں تاریخ میں درج ہیں جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قبضے کے خلاف کشمیری عوام گزشتہ 78 برس سے قربانیوں، شہادتوں اور قید و بند کی طویل جدوجہد کر رہے ہیں۔
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) June 23, 2026
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان کا کشمیر کے مقصد سے وابستگی کا ثبوت پانچ جنگوں میں بہنے والے شہداء کے خون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت کے اصولی مؤقف میں موجود ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ آزاد کشمیر سے پاکستان مخالف بیرونی اور منفی ایجنڈے سے متاثر آوازوں کا سختی سے جواب دیا جانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ “کشمیریت” کی پہچان پیدائشی سرٹیفکیٹس نہیں بلکہ گزشتہ آٹھ دہائیوں سے دی جانے والی قربانیاں اور جدوجہد ہیں۔