پشاور سیف سٹی منصوبے کو دیگر اضلاع تک توسیع دینے کا فیصلہ
پشاور: (دنیا نیوز) سیف سٹی منصوبے کو پشاور کے بعد ضم اضلاع سمیت دیگر اضلاع تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
بجٹ دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں مختلف اضلاع کیلئے 5 ارب 80 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ پشاور میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے قیام کیلئے 35 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
جرائم کی روک تھام اور دہشت گردی واقعات پر قابو پانے کے لئے پشاور کے بعد جنوبی و شمالی وزیر ستان، اورکزئی، کرم، خیبر، مہمند، باجوڑ، کوہاٹ، ٹانک، مردان، سوات، کرک، مانسہرہ میں بھی سیف سٹی منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پشاور سیف سٹی منصوبے کیلئے مزید 70 کروڑ روپے کی رقم فراہم کرنے کی تجویز بھی بجٹ میں شامل ہے، اس منصوبے پر پہلے ہی 2 ارب روپے سے زائد خرچ کئے جا چکے ہیں۔
جنوبی و شمالی وزیرستان، اورکزئی اور کرم میں فیز ون کیلئے 1 ارب 80 کروڑ روپے مختص کرنے اورفیز 2 میں خیبر، مہمند اور باجوڑ تک سیف سٹی کا دائرہ کار بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے
منصوبے کیلئے 1 ارب 60 کروڑ مختص کئے گئے ہیں، کوہاٹ، مردان اور سوات کیلئے 50 کروڑ، کرک اور ٹانک کیلئے 35 کروڑ اور مانسہرہ میں سیف سٹی منصوبے کیلئے ابتدائی طور پر 2 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز شامل ہے۔