اسٹاک ایکسچینج:تیزی برقرار، 100 انڈیکس بلند سطح پر بند

اسٹاک ایکسچینج:تیزی برقرار، 100 انڈیکس بلند سطح پر بند

کراچی(بزنس ڈیسک)اسٹاک ایکسچینج(پی ایس ایکس)میں منگل کو کاروبار کا ریکارڈ ساز دن رہا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 409 پوائنٹس کے اضافے سے 86466 پوائنٹس کی بلند سطح پر جاپہنچا۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 62 ارب اضافے سے 11352 ارب روپے ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا، ایک موقع پر انڈیکس86846پوائنٹس پر جاپہنچا، بعدازاں فروخت کے دباؤ سے انڈیکس میں کچھ کمی واقع ہوئی۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 30اورآل شیئرزانڈیکس میں بھی تیزی رہی۔ بروکریج ہاؤس ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے کہا کہ ان مثبت محرکات کی وجہ ادارہ جاتی خریداری اور توقع سے بہتر کارپوریٹ آمدنی ہے۔ اسماعیل اقبال سیکورٹیز کا کہنا ہے کہ بینچ مارک انڈیکس مثبت انداز میں بند ہوا اور منگل کو مارکیٹ بند ہونے پر انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح پر رہا ۔عارف حبیب لمیٹڈ کی ریسرچ ہیڈ ثنا توفیق نے بتایا کہ یہ رفتار سیاسی شفافیت کی بنیاد پر آئی ہے۔کارپوریٹ نتائج بھی مارکیٹ کی توقعات کے مطابق ہیں۔حصص کی مالیت گزشتہ سیشن کے 19.66 ارب روپے سے بڑھ کر 25.02 ارب ہوگئی۔ مجموعی طور پر 451 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 231 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 149 میں کمی جبکہ 71 میں استحکام رہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں