ٹڈاپ کو امریکا میں حلال فوڈ پر توجہ مرکوز رکھنے کی تجویز

ٹڈاپ کو امریکا میں حلال فوڈ پر توجہ مرکوز رکھنے کی تجویز

کراچی(بزنس رپورٹر )پاکستان کے امریکہ میں سفیر رضوان سعید شیخ نے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان(ٹڈاپ)کے چیف ایگزیکٹو زبیر موتی والا سے ملاقات کی۔

اس موقع پر واشنگٹن میں تعینات وزیر تجارت حنیف چنا بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں باہمی تجارت کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ پاکستانی سفیر نے امریکی مارکیٹ میں موجود مواقع کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹڈاپ کو حلال فوڈ سیکٹر پر توجہ مرکوز کرنے کی تجویز دی۔ انہوں نے خواتین کی معاشی خودمختاری کیلئے ٹڈاپ کے اقدامات اور ویمن انٹرپرینیور ڈویژن کی سرگرمیوں کو سراہا۔ مزید برآں انہوں نے تجویز دی کہ پاکستانی خواتین انٹرپرینیورز کیلئے استعداد کار بڑھانے کیلئے امریکی اداروں کے تعاون سے تربیتی ورکشاپس اور سیمینارز منعقد کیے جائیں۔ٹڈاپ نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سفیر نے اعلان کیا کہ امریکہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پر مبنی ایونٹس منعقد کرے گا۔ٹڈاپ نے فروری 2025 میں لاہور میں ہونے والے میگا فوڈ ایگ مینوفیکچرنگ ایونٹ میں شرکت کی دعوت دی جس میں امریکی کمپنیوں کی شمولیت کی یقین دہانی کروائی گئی۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ ٹڈاپ اور امریکہ میں پاکستانی سفیر اور وزیر تجارت مل کر کاروباری روابط کو فروغ دیں گے اور امریکی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ کریں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں