اسٹاک ایکسچینج:انڈیکس1لاکھ 90ہزارکی بلند سطح چھوکر واپس
کراچی (بزنس ڈیسک) اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کا آغاز مندی سے ہوا۔ 100انڈیکس 500سے زائدپوائنٹس کی کمی سے ایک لاکھ 89 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد گنوابیٹھا ۔
تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو کا روبارکا آغاز زبردست تیزی کے ساتھ ہوا۔ سرمایہ کاروں کے اعتماد، مثبت معاشی اشاریوں اور مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی سرگرمی کے باعث 100 انڈیکس نے مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس سے قبل ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ 90 ہزار کی بلند سطح عبور کرلی ۔بعدازاں فروخت کا دباؤ غالب آگیا جس سے انڈیکس دن کی کم ترین سطح 188,268 تک گرگیا۔کاروبار کے اختتام پر100 انڈیکس 579 پوائنٹس کی کمی سے 188,587 پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30اورآل شیئرزانڈیکس میں بھی مندی رہی ۔ غیر مستحکم صورتحال زیادہ ترمانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس سے قبل سرمایہ کاروں کی محتاط حکمتِ عملی کی وجہ سے تھی جس نے بڑا فیصلہ کرنے سے روکے رکھا۔ مجموعی طور پر 487 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں سے 143 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ، 298 میں کمی اور 46 میں استحکام رہا۔