اسٹاک ایکسچینج،مندی کے بادل برقرار،95ارب خسارہ
952 پوائنٹس کی کمی ،انڈیکس 166498 پر بند،حجم 3.12فیصد زائد رہا
کراچی(بزنس رپورٹر) اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو مندی رہی، کے ایس ای 100 انڈیکس کی 1لاکھ 67ہزار پوائنٹس کی سطح بھی گرگئی ۔مندی کے سبب 61فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے مزید 95ارب 53کروڑ 94لاکھ 91ہزار 207روپے ڈوب گئے ۔تفصیلات کے مطابق کاروبار کا آغاز تیزی سے ہواجس سے ایک موقع پر 1078 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی 1لاکھ 68ہزار پوائنٹس کی سطح بحال ہوگئی لیکن غیرمتزلزل اعتماد کے باعث سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی آف لوڈنگ سے مذکورہ تیزی برقرار نہ رہ سکی جسکے بعد وقفے وقفے سے محدود پیمانے پر اتارچڑھاو اور پھر مندی دیکھی گئی۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 952.30 پوائنٹس کی کمی سے 166498پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 319پوائنٹس کی کمی سے 49764پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 519 پوائنٹس کی کمی سے 100481پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 880پوائنٹس کی کمی سے 240340 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم بدھ کی نسبت 3.12فیصد زائد رہا ۔