بجٹ میں کمرشل امپورٹرز کو نظر انداز کیاگیا، سلیم ولی محمد
ای ایف ایس سے مسائل مزید بڑھ جائیں گے ،چیئرمین پی سی ڈی ایم اے
کراچی(بزنس ڈیسک)کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین سلیم ولی محمد نے وفاقی بجٹ پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے کمرشل امپورٹرز کی جانب سے پیش کی گئی اہم تجاویز کو نظر انداز کردیا جس سے تجارتی حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔اپنے بیان میں سلیم ولی محمد نے کہا کہ پی سی ڈی ایم اے نے ای ایف ایس کے خاتمے کا مطالبہ کیا تھا لیکن حکومت نے اسے برقرار رکھا جس کے باعث کمرشل امپورٹرز کو درپیش مسائل مزید بڑھ جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں صنعتی اور کمرشل درآمد کنندگان کے درمیان موجود امتیازی سلوک ختم کرنے کیلئے بھی کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔انہوں نے نشاندہی کی کہ صنعت کی آڑ میں خام مال اور دیگر اشیاء درآمدکی جاتی ہیں اور بعد ازاں انہیں مقامی مارکیٹ میں فروخت کردیاجاتا ہے جس سے وہ کمرشل امپورٹرز شدید متاثر ہوتے ہیں جو تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے بھاری ڈیوٹیز اور ٹیکس ادا کرکے سامان درآمد کرتے ہیں۔