گندم درآمد نہ کی توآٹا مزید مہنگا ہوجائیگا، عبدالرؤف

گندم درآمد نہ کی توآٹا مزید مہنگا ہوجائیگا، عبدالرؤف

چینی کی برآمد جاری رہی تو قیمت 200 روپے کلو تک پہنچ سکتی،چیئرمین ہول سیل گروسرز

کراچی (رپورٹ:حمزہ گیلانی) چیئرمین گروسرز اینڈ ہول سیلرز ایسوسی ایشن عبدالرؤف ابراہیم نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری طور پرگندم درآمد نہ کی گئی تو آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ناگزیر ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی خبردار کیا کہ چینی کی برآمد جاری رہی تو مقامی مارکیٹ میں چینی کی قیمت موجودہ سطح سے بڑھ کر 200 روپے فی کلو تک پہنچ سکتی ہے ۔عبدالرؤف ابراہیم نے کہا کہ کراچی میں مصنوعی قلت پیدا کرکے آٹے کی قیمتوں کو غیر معمولی طور پر بڑھا دیا گیا ہے ۔ ان کے مطابق کمشنرکی جانب سے جاری کردہ سرکاری پرائس لسٹ پر شہر بھر میں آٹے کی فروخت تقریباً بند ہو چکی ہے کیونکہ سرکاری نرخ مارکیٹ کے موجودہ تھوک نرخوں سے مطابقت نہیں رکھتے جس کے باعث دکاندار ان نرخوں پر فروخت کرنے سے گریزاں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت فائن آٹا ملز سے 143 روپے کلو جبکہ ڈھائی نمبر آٹا 133 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے ،ہول سیل مارکیٹ میں فائن آٹے کی قیمت 146 روپے کلو اور ڈھائی نمبر آٹے کی قیمت 136 روپے کلو تک پہنچ چکی ہے جبکہ ریٹیل مارکیٹ میں فائن آٹا 180 روپے کلو، ڈھائی نمبر آٹا 135 روپے کلو اور چکی کا آٹا 200 روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے یاد دلایا کہ کمشنر نے اپنی پرائس لسٹ میں فائن آٹے کی قیمت 118 روپے کلو، ڈھائی نمبر آٹے کی قیمت 110 روپے کلو اور چکی آٹے کی قیمت 145 روپے فی کلو مقرر کر رکھی ہے تاہم مارکیٹ میں ان نرخوں پر آٹا دستیاب نہیں، جسکے باعث سرکاری نرخ نامہ عملاً غیرمؤثر ہوچکا ہے ۔ عبدالرؤف ابراہیم کے مطابق اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 120 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے جبکہ سندھ میں رواں سیزن گندم کی پیداوار کم ہو کر تقریباً 50 لاکھ ٹن رہ گئی ہے جس کی وجہ سے صوبے میں سپلائی کا شدید دباؤ پیدا ہو گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ سندھ کو فوری طور پر گندم درآمد کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر گندم کی درآمد میں تاخیر ہوئی تو آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔چیئرمین گروسرز اینڈ ہولسیلرز نے چینی کی قیمتوں پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے چینی کی برآمدات جاری رکھیں تو مقامی مارکیٹ میں اس کی قیمت موجودہ 136 روپے فی کلو سے بڑھ کر 200 روپے فی کلو تک جا سکتی ہے۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں