سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے ڈیجیٹل کے وائی سی متعارف کرادی
سرمایہ کاروں، صارفین کی تصدیق بینک اکاؤنٹ کے آئی بی اے این سے ہوسکے گی اسٹاک مارکیٹ میں نیا اکاؤنٹ کھلوانے ، بار بار بائیو میٹرک کی ضرورت اب ختم
اسلام آباد (این این آئی)کیپٹل مارکیٹ اور انشورنس خدمات تک رسائی مزید آسان کرنے کی غرض سے سیکورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے ڈیجیٹل کے وائی سی متعارف کرا دی۔ایس ای سی پی نے اینٹی منی لانڈرنگ ریگولیشنز 2020 میں ترامیم کردی ہیں، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں اور صارفین کی تصدیق بینک اکاؤنٹ کے آئی بی اے این کے ذریعے ہوسکے گی۔ اسٹاک مارکیٹ میں نیا اکاؤنٹ کھلوانے کے لیے تصدیقی دستاویزات کی فراہمی اور بار بار بائیو میٹرک کی ضرورت اب ختم ہوگئی ہے ۔ سکیورٹیز بروکرز، انشورنس، این بی ایف سیز اور مضاربہ کمپنیاں آئی بین کے ذریعے صارفین کی تصدیق کرسکیں گی۔ایس ای سی پی کے مطابق تمام ٹرانزیکشنز صرف صارف کے اپنے تصدیق شدہ بینک اکاؤنٹ کے ذریعے ہوں گی۔ نئے نظام سے مالیاتی لین دین میں شفافیت اور ٹریس ایبلٹی مزید بہتر ہوگی۔ جدید بائیو میٹرک تصدیق بشمول چہرے کی شناخت کی سہولت بھی ریگولیشنز کا حصہ بنا دی گئی۔ایس ای سی پی کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر سدھو نے کہا ہے کہ نادرا کے بلاک شدہ شناختی کارڈز سے منسلک سرمایہ کاری اکاؤنٹس فوری بلاک کیے جاسکیں گے ۔ ٹیکنالوجی کے استعمال سے سرمایہ کاری کو آسان، محفوظ اور شفاف بنایا جارہا ہے۔