جنوبی ایران کے مختلف ساحلی شہروں میں دھماکوں کی آوازیں، متعدد مقامات متاثر
تہران: (دنیا نیوز) جنوبی ایران کے مختلف ساحلی شہروں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں جبکہ متعدد مقامات متاثر ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق بندرگاہی شہر بندر عباس اور سیریک میں تین، تین دھماکوں کی تصدیق کی گئی ہے، ساحلی شہر چابہار میں دو دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
ایران کے صوبہ بوشہر میں امریکی حملوں میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، صوبے کے مختلف علاقوں میں کم از کم 12 دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
بندر دیر میں پانچ، عسلویہ میں چار اور شہر بوشہر میں تین دھماکوں کی اطلاع ملی ہے، بوشہر کے ریشے علاقے میں واقع فوجی بیرک کو نشانہ بنایا گیا ہے، کنگان شہر میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، جبکہ بندر دیر میں ایک فوجی چوکی پر بھی حملہ کیا گیا ہے۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق جنوبی صوبہ ہرمزگان کے بندرگاہی شہر جاسک میں 10 سے زائد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، دھماکوں کی آوازیں مختلف علاقوں میں سنائی دیں۔