اسلام آباد کے پمز ہسپتال کے نرسری وارڈ میں آتشزدگی، 14 نومولود جاں بحق
اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کے پمز ہسپتال کے نرسری وارڈ میں آگ لگنے سے 14 نومولود جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ نرسری میں ایئر کنڈیشن کمپریسر پھٹنے سے لگی جس سے نرسری میں موجود 14 نومولود جاں بحق ہوگئے، نرسری میں آگ صبح سات بجے کے قریب لگی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ گائنی وارڈ کی ایم سی ایچ وارڈ کے تیسرے فلور پر لگی، فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیوں نے آگ پر قابو پا لیا جس ک بعد کولنگ کا عمل جاری ہے۔
پمز ہسپتال کے حکام کے مطابق آگ لگنے کے وقت نرسری میں 15 بچے تھے، لیڈی ڈاکٹر صرف ایک بچے کو بچا سکی۔
دوسری جانب واقعہ کی انکوائری کیلئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی، انکوائری کمیٹی آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کرے گی۔
چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی علی ناصر رضوی پمز ہسپتال پہنچ گئے، دونوں نے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پمز ہسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے اندوہناک واقعے میں 14 نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حکام کو فوری تحقیقات کی ہدایت کی اور کہا کہ بچوں کے ساتھ اس نوعیت کا واقعہ ناقابلِ تلافی ہے، واقعے کے محرکات کا تفصیلی جائزہ لے کر ذمہ داران کا تعین کیا جائے اور ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
وزیراعظم نے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اس اندوہناک سانحے پر دل رنجیدہ ہے اور وہ غمزدہ والدین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments