23ماہ بعد بیرونی سرمایہ کار پی ایس ایکس میں نیٹ بائر بن گئے

23ماہ بعد بیرونی سرمایہ کار پی ایس ایکس میں نیٹ بائر بن گئے

جولائی میں بینکنگ اور آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن شعبوں میں نمایاں دلچسپی

کراچی (این این آئی)رواں مالی سال کے آغاز پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں غیرملکی سرمایہ کاری کا مثبت رجحان سامنے آیا ہے جہاں تقریباً 23 ماہ بعد پہلی مرتبہ غیرملکی سرمایہ کار فروخت کنندگان کے بجائے خریدار بن کر سامنے آئے ہیں۔مارکیٹ اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2026 کے دوران غیرملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 3 کروڑ 44 لاکھ امریکی ڈالر مالیت کے شیئرز خریدے جبکہ اس سے قبل جون 2026 میں وہ تقریباً 18 کروڑ ڈالر مالیت کے شیئرز فروخت کرکے سرمایہ مارکیٹ سے نکال چکے تھے ۔اعداد و شمار کے مطابق تقریباً دو سال بعد پاکستانی کیپٹل مارکیٹ میں غیرملکی سرمایہ کار نیٹ بائر رہے جو سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری اور مارکیٹ کے مثبت رجحان کا اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جولائی کے دوران غیرملکی سرمایہ کاروں نے سب سے زیادہ دلچسپی بینکنگ اور آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن سیکٹر میں دکھائی۔ اس عرصے میں بینکنگ سیکٹر میں ایک کروڑ 38 لاکھ ڈالر جبکہ ایکسپلوریشن کمپنیوں میں 67 لاکھ ڈالر مالیت کے شیئرز خریدے گئے ۔دوسری جانب جولائی کے دوران غیرملکی سرمایہ کاروں نے سیمنٹ سیکٹر میں شیئرز فروخت کرنے کو ترجیح دی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سرمایہ کاری کا رجحان مختلف شعبوں میں یکساں نہیں رہا۔ماہرین کے مطابق غیرملکی سرمایہ کاروں کی واپسی پاکستان کی معیشت اور سرمایہ مارکیٹ کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے ، جو مستقبل میں مزید بیرونی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...