پرائیویٹ سکولوں نے بہترین ذمہ داری نبھائی :صداقت حسین
مقابلوں میں کامیاب ہونیوالے بچوں میں انعامات، مہمانوں میں شیلڈز تقسیم
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)آل پاکستان پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کے چیئرمین صداقت حسین لودھی نے کہا ہے کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں نے بہترین خدمات سرانجام دیں۔ سرکاری سکولوں کو پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پی ای ایف) کے حوالے کیا جانا پرائیویٹ سکول سیکٹر کی کامیابی کی ضمانت ہے ۔وہ 225 رب میں پی ای ایف کے زیرِ اہتمام ایک نجی ہائی سکول میں منعقدہ تقسیمِ انعامات کی بین الاضلاعی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی عدم توجہ اور انتظامی مسائل کے باعث تعلیمی معیار پر سوالات اٹھے ، پرائیویٹ سکولوں نے آگے بڑھ کر ذمہ داری سنبھالی۔صداقت حسین لودھی نے کہا کہ حکومتِ پنجاب نے مختلف ادوار میں سرکاری سکول نجی سیکٹر کے حوالے کیے ، جس دوران پرائیویٹ تعلیمی اداروں نے نہ صرف تعلیمی معیار کو بہتر بنایا بلکہ اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائی۔تقریب میں نعت خوانی، سپورٹس اور تقاریر کے مقابلے منعقد کیے گئے ، جن میں طلبہ و طالبات اور والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اختتام پر مختلف اضلاع سے مقابلوں میں کامیاب ہونے والے بچوں میں انعامات جبکہ مہمانانِ گرامی میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔