چنیوٹ:رکشہ ڈرائیوروں کیلئے لائسنس کا حصول مزید آ سان
شہریوں کے سفر کو محفوظ بنانے کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے :ڈاکٹر نوید عاطف
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر چنیوٹ میں رکشہ ڈرائیوروں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنا مزید آسان بنا دیا گیا ہے ۔ سپیشل مہم کے تحت رکشہ ڈرائیوروں کے لیے الگ کاؤنٹر قائم کیا گیا ہے ، جہاں سابقہ لرنرز کو رینیو کروانے سمیت نئے لائسنس بھی جاری کیے جا رہے ہیں۔ڈی ایس پی ٹریفک خرم شہزاد کی زیر نگرانی یہ مہم جاری ہے اور اتوار کا دن خصوصی طور پر رکشہ ڈرائیوروں کے لیے مختص کیا گیا ہے تاکہ وہ آسانی سے ڈرائیونگ لائسنس بنوا سکیں۔ سپیشل مہم کے دوران مستفید ہونے والے ڈرائیوروں نے ٹریفک پولیس کے اقدامات کو سراہا۔اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر نوید عاطف نے کہا کہ شہریوں کے سفر کو محفوظ بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر ڈرائیونگ کرنا قانوناً جرم ہے ۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ قانون پسند شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے آج ہی اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں۔