چنیوٹ:ڈی سی کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، سہولیات کا جائزہ
مریضوں اور ان کے لواحقین سے بات چیت ،سہولیات بارے آ گاہی حاصل کی
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان نے گزشتہ روز ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر سی او ہیلتھ ڈاکٹر ثاقب منیر، ایم ایس ڈاکٹر الطاف بھوانہ اور دیگر اہلکار بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف وارڈز، ایمرجنسی، او پی ڈی، لیبارٹری اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مریضوں اور ان کے لواحقین سے بات چیت کے ذریعے سہولیات کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔
انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ علاج معالجے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہ کی جائے ، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی اور عملے کی مکمل حاضری کو یقینی بنایا جائے ۔عائشہ رضوان نے کہا کہ حکومت عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ہسپتال عملے کو مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ رویہ اپنانے کی ہدایت بھی کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں برن یونٹ کا بھی افتتاح کیا اور تمام تر مشینری و عملہ کی تعیناتی کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔