سابق گورنر بلیغ الرحمن الوفا فاؤنڈیشن کی سرپرستی پر رضا مند
کاشف نواز رندھاوا کی سابق گو رنر سے ملاقات، روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر اتفاق
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)چیئرمین الوفا فاؤنڈیشن پاکستان چودھری کاشف نواز رندھاوا نے سابق گورنر پنجاب میاں بلیغ الرحمن سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں نوجوانوں کی تعلیم و تربیت، ٹیکنیکل ایجوکیشن، اخلاقی اقدار کے فروغ، ہنر مندی اور باوقار روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر میاں بلیغ الرحمن نے کہا کہ نوجوان نسل قوم اور امت کا قیمتی سرمایہ ہے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے ٹیکنیکل ایجوکیشن کے ساتھ ساتھ اخلاقی تربیت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ الوفا فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے نوجوانوں کی تعلیم، تربیت اور روزگار کیلئے شروع کیے گئے منصوبے قابلِ تحسین ہیں، جن کی تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔سابق گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ تجارتی اور معاشی سرگرمیوں میں اضافے سے دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی کے ساتھ ساتھ پاکستانی نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
چیئرمین الوفا فاؤنڈیشن پاکستان چودھری کاشف نواز رندھاوا نے کہا کہ الوفا فاؤنڈیشن نوجوانوں کی تعلیم، تربیت اور ہنر مندی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور حکومتِ پاکستان کے ساتھ مل کر ایسے منصوبے آگے بڑھائے جا رہے ہیں جو نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں مؤثر ثابت ہوں گے ۔انہوں نے سابق گورنر پنجاب سے الوفا فاؤنڈیشن پاکستان کی سرپرستی کی درخواست کی، جسے بلیغ الرحمن نے قبول کرتے ہوئے فاؤنڈیشن کے ساتھ بھرپور تعاون اور سرپرستی جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔