کپاس کی اگیتی کاشت کا حتمی پلان طلب کر لیا گیا

کپاس کی اگیتی کاشت کا حتمی پلان طلب کر لیا گیا

15 فروری سے 31 مارچ تک کاشت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیرِ صدارت ایگریکلچر ہاؤس لاہور میں ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ زراعت پنجاب کے تحت فیلڈ فارمیشنز کی عملی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس شبیر احمد خان، ڈائریکٹر جنرلز زراعت عبدالحمید اور نوید عصمت کاہلوں شریک ہوئے ، جبکہ پراجیکٹ ڈائریکٹر پی ای ایس پی ڈاکٹر محمد انجم علی، ڈائریکٹر جنرل زراعت (پیسٹ وارننگ) پنجاب ڈاکٹر عامر رسول اور محکمہ زراعت توسیع کے ڈویژنل ڈائریکٹرز و ڈپٹی ڈائریکٹرز نے آن لائن شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے ہدایت کی کہ کپاس کی اگیتی کاشت کے حوالے سے حتمی پلان مرتب کر کے پیش کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کی اگیتی کاشت کے لیے منتخب شدہ تحصیلوں میں کاشتکاروں کی رجسٹریشن کی جائے اور پانچ ایکڑ یا اس سے زائد رقبے پر کپاس کاشت کرنیوالے کاشتکاروں کو لازمی طور پر رجسٹرڈ کیا جائے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ کپاس کی اگیتی کاشت 15 فروری سے 31مارچ تک کرائی جائے تاکہ بہتر اور مثبت نتائج حاصل کیے جا سکیں۔اجلاس میں گندم کی فصل کی موجودہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا کہ اس مرحلے پر گندم کی فصل کے لیے بہتر نگہداشتی امور سرانجام دینا انتہائی ضروری ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ زراعت پنجاب کی فیلڈ فارمیشنز گندم کی فصل میں آبپاشی، کیڑوں اور بیماریوں کے ممکنہ حملے اور ان کے تدارک کے حوالے سے کاشتکاروں کو بروقت اور مؤثر رہنمائی فراہم کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں