راولپنڈی،گرجا گھروں کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات
400سے زائد افسران،جوان فرائض انجام دے رہے ہیں،گشت میں بھی اضافہ ایس ایس پی آپریشنز کا وفاقی دارالحکومت میں گرجا گھروں کا دورہ ، سکیورٹی کا جائزہ
راولپنڈی، اسلام آباد (خبرنگار،اے پی پی) راولپنڈی پولیس کی جانب سے گرجا گھروں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے موثر اور فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں راولپنڈی پولیس کے 400سے زائد افسران اور جوان سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق گرجا گھروں کے اطراف سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ تھانوں کی موبائلز کے ساتھ ایلیٹ فورس اور ڈولفن فورس کی خصوصی ٹیمیں بھی گشت کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔
سینئر پولیس افسران موقع پر موجود رہ کر ڈیوٹی پر مامور افسران و جوانوں کو چیک کر رہے ہیں اور سیکیورٹی ڈیوٹی کے حوالے سے بریفنگ بھی دے رہے ہیں۔ ادھر ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے اتوار کی عبادات کے دوران مسیحی برادری کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں گرجا گھروں میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔