187 صنعتی یونیٹس کی شہر سے منتقلی کا منصوبہ

187 صنعتی یونیٹس کی شہر سے منتقلی کا منصوبہ

’’ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ریلوکیشن کمیٹی‘‘ کا اجلاس ،مناسب جگہوں کی تلاش اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر غور ،عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا:ڈی جی ایٖ ڈی اے

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)فیصل آباد کی تاریخ میں سب سے بڑی صنعتی ریلوکیشن کے لیے تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں۔ ضلع میں موجود 187 خطرناک صنعتی یونٹس کو شہری آبادی اور میونسپل حدود سے باہر منتقل کرنے اور ماحولیاتی مسائل کے حل کے لیے اقدامات شروع کر دئیے گئے ہیں۔ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور کی ہدایت پر تشکیل دی گئی \\\"ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ریلوکیشن کمیٹی\\\" کا اجلاس ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی محمد آصف چودھری کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں انسانی جان و مال کے لیے ممکنہ خطرات پیدا کرنے والی صنعتوں کی نشاندہی، ان کی منتقلی کے لیے مناسب جگہوں کی تلاش اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضیٰ، سابق صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس ڈاکٹر خرم طارق،

ڈی او انڈسٹریز میاں عرفان، جنرل مینیجر ٹیکینکل فیڈملک کرنل ریٹائرڈ عادل نذیر ملک، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات عثمان اظہر، ریجنل ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کاشف نواز، میونسپل آفیسر پلاننگ شیریں نیوٹن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر یاسر عرفات اور انسپکٹر ماحولیات مظہر فرید سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ شہر میں سروے کے دوران 187 صنعتوں کی نشاندہی کی گئی ہے جو ہیوی بوائلرز، کیمیکل تیار کرنے ، فضلہ/ویسٹ پیدا کرنے ، شور اور زہریلا دھواں چھوڑنے ، آگ پکڑنے والے حساس مواد اور دیگر انسانی اور ماحولیاتی خطرات کی حامل ہیں۔ ان صنعتوں کی منتقلی ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی، اور صنعتی بستی کے قیام کے لیے تحصیل جڑانوالہ اور صدر کے علاقوں میں سرکاری اراضی کی دستیابی کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ شہری ماحول کو محفوظ اور صاف ستھرا رکھنے کے لیے صنعتوں کے انخلا کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، اور اس منصوبے پر محکمانہ حکمت عملی کے تحت رضاکارانہ طور پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں