اسرائیلی فوج نے لبنان میں زمینی کارروائی شروع کردی، 52 افراد جاں بحق
بیروت: (دنیا نیوز) لبنان میں اسرائیلی فورسز کے حملے جاری ہیں، زمینی کارروائی بھی شروع کر دی، جاں بحق افراد کی تعداد 52 ہو چکی ہے جبکہ 150 سے زائد افراد زخمی ہیں۔
لبنانی فوج پیچھے ہٹ گئی
اسرائیلی وزیردفاع کی جانب سے پیش قدمی کے حکام بعد صیہونی فوج نے کئی مقامات پر لبنانی سرحد کو عبور کرلیا، لبنانی فوج 7 سرحدی پوسٹس خالی کرکے پیچھے ہٹ گئی۔
حزب اللہ کا اسرائیل کی رامت ڈیوڈ ایئربیس پر حملہ
حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل کی رامت ڈیوڈ ایئربیس پر حملہ کیا گیا ہے۔
حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا کہ ایئربیس کے کنٹرول روم اور ریڈار سسٹم کو ڈرونز سے نشانہ بنایا،یہ حملے لبنان پر اسرائیلی بمباری کا جواب ہے۔
لبنان کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ یونٹ نے ابھی اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی حملے کے بعد 52 افراد ہلاک اور 154 زخمی ہوئے ہیں، اس سے پہلے لبنانی وزارتِ صحت نے کہا تھا کہ صیہونی حملوں میں 31 افراد جاں بحق اور 149 زخمی ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ضاحیہ میں بھی ایک بڑا دھماکہ ہوا ہے، جو ایران سے منسلک حزب اللہ کا گڑھ سمجھا جاتا ہے، اس سے پہلے امریکہ نے لبنان میں موجود اپنے شہریوں پر زور دیا تھا ہے کہ وہ فوراً ملک چھوڑ دیں۔
بیروت میں امریکی سفارتخانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری پیغام میں کہا کہ ’ہم امریکی شہریوں کو لبنان سفر نہ کرنے کی ہدایت دیتے ہیں، اگر آپ ملک میں موجود ہیں تو ابھی لبنان چھوڑ دیں، جب تک کمرشل پروازوں کے آپشن دستیاب ہیں۔
اسرائیل کا لبنان میں مزید 59 علاقے خالی کرنے کے لیے انتباہ
اسرائیلی فوج نے جنوبی بیروت کے دو محلوں کے رہائشیوں کو کئی عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت بھی شامل ہے، کیونکہ وہاں جلد فوجی کارروائی متوقع ہے۔
جارح فوج نے ٹیلی گرام پر پیغام جاری کیا کہ لبنان کے 59 علاقوں کے رہائشیوں کے لیے ہنگامی انتباہ، خصوصاً ان دیہات کے مکینوں کے لیے جن کے نام درج کیے گئے ہیں، اپنی حفاظت کے لیے آپ فوری طور پر اپنے گھروں کو خالی کر دیں۔