مشکلات میں عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، عام آدمی کو ریلیف ترجیح ہے: وزیراعظم
اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں اپنی عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی ترجیح ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں شہباز شریف کی زیر صدارت خطے میں حالیہ کشیدگی کے دوران ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اور حکومت کی جانب سے عوامی ریلیف کے اقدامات پر جائزہ اجلاس ہوا،جس میں ریلیف کی رقم پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کے حامل افراد کو ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ایک مؤثر اور شفاف نظام کے تحت پبلک ٹرانسپورٹ کی بسوں اور ویگنوں، اور گڈز ٹرانسپورٹ کے ٹرکوں اور مال بردار گاڑیوں کو سبسڈی کی ڈیجیٹل منتقلی شروع کر دی گئی ہے، کوشاں ہیں کہ معاشی طور پر کمزور طبقے پر ریلیف کی فراہمی جلد سے جلد ممکن ہو۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں اپنی عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، مشکل حالات میں عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومتی کفایت شعاری و سادگی کے اقدامات سے بچائی گئی رقم کو عوام پر خرچ کریں گے۔
اجلاس میں شہباز شریف کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر حکومت کے عوام کو ریلیف کے اقدامات کے نفاذ پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
حکام کا اپنی بریفنگ میں مزید کہنا تھا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے پٹرولیم مصنوعات کے مناسب ذخائر موجود ہیں۔
دوسری جانب اجلاس میں وفاقی وزراء ڈاکٹر مصدق ملک، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، معاون خصوصی طلحہ برکی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔