مذاکرات کیلئے اسلام آباد جانے سے کبھی انکار نہیں کیا: ایرانی وزیر خارجہ
تہران: (دنیا نیوز) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران نے کبھی بھی مذاکرات کے لیے اسلام آباد جانے سے انکار نہیں کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پاکستان سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ ایران کے مؤقف کو امریکی میڈیا کی جانب سے غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے، ہم ثالثی کی پاکستان کی کوششوں کیلئے شکر گزار ہیں۔
عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ایران نے کبھی بھی اسلام آباد جا کر مذاکرات کرنے سے انکار نہیں کیا، انہوں نے کہا کہ غیر قانونی جنگ کے حتمی اور دیرپا خاتمے کی شرائط سے متعلق فکر مند ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ جنگ ہم پر ہم پر مسلط کی گئی ہے، عباس عراقچی نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔
— Seyed Abbas Araghchi (@araghchi) April 4, 2026
یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے اسلام آباد میں امریکی حکام سے ملاقات سے انکار کر دیا ہے۔
امریکی میڈیا کی اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ ثالثوں کے مطابق ایران نے باضابطہ طور پر آگاہ کیا ہے کہ وہ آئندہ دنوں میں اسلام آباد میں امریکی نمائندوں سے ملاقات کے لیے تیار نہیں اور امریکا کے مطالبات کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا تھا کہ ترکیے اور مصر اب بھی اس معاملے میں پیش رفت کی کوشش کر رہے ہیں اور مذاکرات کے لیے متبادل مقامات جیسے قطر کا دارالحکومت دوحہ یا ترکیے کا شہر استنبول زیر غور ہیں جبکہ تعطل ختم کرنے کیلئے نئی تجاویز بھی سامنے آ رہی ہیں۔