سعودیہ میں امریکی سفارتخانے پر حملے پر مارکو روبیو کا جھوٹ بے نقاب
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی میڈیا نے سعودی عرب میں امریکی سفارتخانے پر ہونے والے ایرانی حملوں کی تفصیلات ظاہر کرتے ہوئے ہونے والے نقصان کو ظاہر کی گئی تباہی سے زیادہ نقصان قرار دیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ایران کا ایک ڈرون امریکی سفارتخانے کی عمارت سے آکر ٹکرایا تو عمارت میں سوراخ بن گیا، اس سوراخ میں ایک ہی منٹ بعد دوسرا ڈرون بھی آٹکرایا، عمارت میں محفوظ ترین حصے بھی نشانہ بنے، امریکی سفارتخانے میں لگی آگ آدھے دن تک بجھائی نہ جا سکی تھی۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ مارکو روبیو نے حملے سے نقصانات کے بارے میں جو بات کہی تھی وہ غلط تھی، ریاض میں امریکی سفارتخانے پر حملے سے عمارت میں لگی آگ سے بڑی تباہی ہوئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سفارتخانے میں 3 فلورز کو شدید نقصان پہنچا، سی آئی اے سٹیشن بھی نشانہ بنا، چند گھنٹے بعد کئی اور ڈرونز بھی داغے گئے جنہیں میزائل دفاعی نظام سے روکا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ایک ڈرون سعودی عرب میں اعلیٰ امریکی سفارتکار کی رہائش گاہ پر لگنےکا خدشہ تھا، رہائش گاہ سفارتخانے سے چند سوفٹ کے فاصلے پر واقع ہے۔
سابق سی آئی اے اہلکار برنارڈ ہڈسن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حملے سے ظاہر ہوتا ہے وہ ریاض میں ہر ہدف کو نشانہ بنا سکتے ہیں، ایران نے پرنس سلطان ائیر بیس پر بھی حملہ کیا تھا، اس حملے میں ایواکس طیارہ اور ری فیولنگ طیارے بھی نشانہ بنائے گئے تھے، امریکا کا میزائل دفاعی نظام دونوں حملے روکنے میں ناکام رہا تھا۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے ایران نے گزشتہ روز امریکا کے 2 لڑاکا طیارے اے 10 اور ایف 15کو نشانہ بنایا جبکہ ایرانی پاسداران انقلاب گارڈز کا کہنا ہے کہ امریکا کا ایک ایف35 طیارہ بھی نشانہ بنایا گیا، اس کے علاوہ پاسداران انقلاب گارڈز نے کویت میں ایک امریکی ہیلی کاپٹر کو بھی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
دوسری طرف عرب میڈیا کے مطابق ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ریاض میں امریکی سفارتخانے پر حملے سے ایرانی فوج کا کوئی تعلق نہیں۔
پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ خطے میں اسرائیلی حکمت عملی کو دیکھتے ہوئے یہ یقینی طور پر صہیونیوں کی کارروائی تھی، مسلم ممالک کو صہیونی ریاست کی فتنہ انگیزی سے خبردار رہنا چاہئے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے کہا کہ ضروری ہے کہ ہمسایہ ممالک امریکی صہیونی اتحاد کی سازشی کوششوں کے خلاف چوکس رہیں، امریکی صیہونی اتحاد خطے کو غیرمستحکم اور تباہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔