وزیراعلیٰ پنجاب کا موٹر سائیکل سواروں کیلئے ماہانہ سبسڈی کا اعلان
لاہور: (دنیا نیوز) مریم نواز شریف نے پنجاب کے عوام، بالخصوص موٹر سائیکل مالکان کے لیے بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کر دیا۔
اعلان کے مطابق پنجاب بھر میں موٹر بائیک کی رجسٹریشن فیس اور ٹرانسفر فیس مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے، جبکہ ہر رجسٹرڈ بائیک کے لیے ماہانہ 2000 روپے سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
حکومت کی جانب سے یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہر رجسٹرڈ موٹر بائیک کو ماہانہ 20 لیٹر پٹرول پر فی لیٹر 100 روپے سبسڈی دی جائے گی، جس سے عام شہری کے اخراجات میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
حکام کے مطابق رجسٹرڈ موٹر بائیک مالکان کے لیے اس ریلیف پیکیج کا فوری آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ فیول سبسڈی حاصل کرنے کے طریقہ کار کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔
بائیک مالکان سبسڈی کے حصول کے لیے ہیلپ لائن 1000 پر کال کر سکتے ہیں، جبکہ "مریم کو بتائیں" ایپ کے ذریعے بھی درخواست دی جا سکتی ہے، اس کے علاوہ سرکاری ویب پورٹل کے ذریعے بھی اپلائی کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ حکومت عام آدمی کا معاشی بوجھ کم کرنے کے لیے شب و روز کوشاں ہے اور یہ اقدامات اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔
دوسری جانب ڈی جی ایکسائز کے مطابق بائیکس کا ڈیٹا وفاقی حکومت کو دے دیا، بائیکس مالکان کے نام ایک ڈیجیٹل والٹ کھولا جائے گا، اس سکیم کے تحت ہر بائیک کے مالک کے اکاؤنٹ میں ڈیجٹلی 2 ہزار روپے ٹرانسفر کیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق پنجاب کے بائیکس مالکان کی سبسڈی کا بوجھ پنجاب حکومت برداشت کرے گی، اس سکیم کے تحت فی لیٹر 100 روپے کی سبسڈی دی جائے گی، جبکہ ایک بائیک کے لئے ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر سبسڈی ہوگی۔