وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کاشتکاروں کیلئے بڑا ریلیف پیکیج

لاہور: (دنیا نیوز) مریم نواز شریف نے کاشتکاروں کیلئے بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کر دیا۔

اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کسانوں کے تحفظ اور مالی معاونت کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، پنجاب میں گندم کاشت کرنے والے 25 ایکڑ تک اراضی رکھنے والے کاشتکاروں کو مالی امداد فراہم کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر ایک ایکڑ کے لیے 10 لیٹر ڈیزل پر 150 روپے فی لیٹر سبسڈی دی جائے گی تاکہ کاشتکاروں کی بڑھتی ہوئی لاگت کو کم کیا جا سکے۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں بھی پٹرول اور ڈیزل مہنگا ہوا ہے، جس کے باعث کسان مشکلات کا شکار ہیں، تاہم حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ سبسڈی کے نظام کو شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے وہ خود نگرانی کر رہی ہیں تاکہ مالی فوائد براہِ راست ہر کسان تک پہنچ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ کسان صوبے کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں