شمالی وزیرستان میں جہنم واصل ہونے والے 8 خوارج کی شناخت ہو گئی
اسلام آباد:(دنیا نیوز) شمالی وزیرستان میں در اندازی کر کے جہنم واصل ہونے والے خوارج کی شناخت ہو گئی جن میں دو افغان شہری نکلے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق یکم اپریل 2026 کو شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن میں مارے جانے والے 8 خوارج میں سے دو کا تعلق افغان سے ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پہلا دہشتگرد امیر حمزہ حقیار ولد عبدالکریم ہے جب کہ دوسرا دہشتگرد امیر عبدالرحیم ولد زر ولی ہے جو پکتیا، افغانستان کا رہائشی ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ واضح مثال ہے کہ کس طرح افغان طالبان پاکستان میں دہشتگرد گروہوں کو استعمال کرکے پاکستان میں امن و امان کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، اِسی وجہ سے پاکستان بارہا اپنے سرحدی تحفظ اور داخلی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کر رہا ہے۔
دوسری جانب آپریشن غضب للحق کے تحت پاکستان دہشت گردوں کے خلاف اپنی کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے جس کا مقصد نہ صرف دہشت گرد ٹھکانوں کو مسمار کرنا ہے بلکہ ملکی شہریوں کی حفاظت، سرحدی حدود کی سالمیت، اور علاقے میں پائیدار امن قائم رکھنا بھی ہے۔
ذرائع نے مزید کہا کہ پاکستان مخالف عناصر کے خاتمے تک خلاف یہ کارروائیاں انشااللہ جاری رہیں گی۔