اسلام آباد: نیشنل فرانزک ایجنسی مکمل فعال، جدید لیبارٹریز کا افتتاحی معائنہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل فرانزک ایجنسی کا دورہ کیا اور ادارے کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ بھی کیا۔

وزیر داخلہ نے ایجنسی میں قائم ریسرچ اینڈ انوویشن لیب، ڈیجیٹل فرانزک لیب، نارکوٹکس لیب، فنٹیک لیب اور کوئسچنیبل ڈاکومنٹ لیب سمیت ڈی این اے، فائر آرمز، سیرولوجی اور ایکسپلوسیو رومز کا بھی جائزہ لیا۔

اس موقع پر محسن نقوی نے قلیل مدت میں ایجنسی کو مکمل طور پر فعال بنانے پر ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیشنل فرانزک ایجنسی کا قیام موجودہ دور کی اہم ضرورت تھا، جو قومی سلامتی اور جرائم کی روک تھام میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ ملک میں پہلی بار سٹیٹ آف دی آرٹ فرانزک سروسز فراہم کر رہا ہے، جو دیگر اداروں کے پاس دستیاب نہیں تھیں، جبکہ یہ ایجنسی تمام صوبوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو معاونت فراہم کرے گی۔

وزیر داخلہ نے ہدایت دی کہ خیبر پختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی نیشنل فرانزک ایجنسی کے ذیلی دفاتر قائم کیے جائیں تاکہ ملک بھر میں خدمات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی حسنات رسول نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایجنسی کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ دوسرے مرحلے پر جلد کام شروع کیا جائے گا، جس میں 25 خصوصی لیبارٹریز قائم کی جائیں گی۔

بریفنگ کے مطابق ڈیجیٹل فرانزکس کے شعبے میں ڈیپ فیک، کمپیوٹر و موبائل، آڈیو ویڈیو، نیٹ ورک اور ڈرون فرانزکس کی جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ ایک سال کے دوران 1500 ڈیجیٹل فرانزک کیسز کی رپورٹس بھی تیار کی جا چکی ہیں۔

وزیر داخلہ نے موک کرائم سین یونٹ کا بھی دورہ کیا اور زیر تربیت اے ایس پیز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ تربیتی کورس ان کے پورے کیریئر میں معاون ثابت ہوگا۔

اس موقع پر اینٹی نارکوٹکس فورس، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی اور اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں