گورنر پنجاب سے آئی جی اور ہوم سیکرٹری کی ملاقات، سکیورٹی امور پر گفتگو

لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے نئے تعینات ہونے والے آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم اور ہوم سیکرٹری احمد جاوید قاضی کی الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں۔

گورنر پنجاب نے نئے تعینات ہونے والے آئی جی پنجاب کو عہدہ سنبھالنے پرمبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، ملاقات میں صوبے میں امن و امان اور قانون کی بالادستی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ رمضان المبارک اور عید الفطر کے موقع پر سیکیورٹی کے بہترین اقدامات کیے گئے، پنجاب کو جرائم سے پاک بنانے کے لیے میں اور وزیراعلیٰ پنجاب ایک پیج پر ہیں۔

سردار سلیم حیدر نے کہا کہ ہر شہری کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری حکومت پر ہے، انتشار پھیلانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے قربانیاں دینے والے پولیس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پولیس کے جوان عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے دن رات جانفشانی سے فرائض ادا کر رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں